کراچی: پاکستان ڈراما انڈسٹری کی مقبول اداکارہ یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم “نایاب” کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔
ڈراما انڈسٹری میں اپنی شاندار اداکاری سے کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی خوبرو اداکارہ یمنیٰ زیدی اب فلمی دُنیا پر بھی راج کرنے کے لیے تیار ہیں، اداکارہ کی ڈیبیو فلم “نایاب” کا ٹریلر ریلیز ہوگیا ہے جوکہ 2 منٹ 43 سیکنڈز پر مشتمل ہے۔
اس فلم میں یمنی زیدی ‘نایاب’ نامی لڑکی کے مرکزی کردار میں نظر آئیں گی جسے بچپن سے ہی کرکٹر بننے کا جنون ہوتا ہے اور اپنے خواب کو پورا کرنے کے سفر میں اُسے خاندانی اور سماجی مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
فلم میں یمنیٰ زیدی کے علاوہ جاوید شیخ، عدنان صدیقی، اسامہ خان، محمد فواد خان، ریال محمود سمیت دیگر اداکاروں کو بھی کاسٹ کیا گیا ہے، جاوید شیخ نے فلم میں یمنیٰ زیدی کے والد کا کردار ادا کیا ہے۔
جاوید شیخ اپنی بیٹی نایاب کی کرکٹ کے سخت خلاف ہوتے ہیں لیکن نایاب کا بھائی کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے سے قومی ٹیم میں سلیکشن تک اپنی بہن کو بھرپور سپورٹ کرتا ہے۔
عمیر ناصر علی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم “نایاب”کو رومینا عمر اور عمیر عرفانی نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ جبکہ فلم کے رائٹر عباس نقوی اور باسط نقوی ہیں۔
فلم کی شوٹنگ کراچی میں کی گئی ہے جبکہ کچھ مناظر لاہور سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی فلمائے گئے ہیں، یہ فلم اگلے سال 26 جنوری کو پاکستان کے تمام سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
“نایاب” کے ٹریلر کے اختتام میں یمنیٰ زیدی اپنے والد جاوید شیخ سے یہ ڈائیلاگ کہتی ہیں کہ “ابا! تم دیکھنا، بھارت کو شکست میں ہی دوں گی”۔
https://www.youtube.com/watch?v=nPUkNtdgFrYٹریلر دیکھیں