Ushna Shah and India Actresses criticize ZARA fashion Brand

فلسطینیوں کا مذاق اڑانے پرمعروف فیشن برانڈ پر اُشنا شاہ سمیت بھارتی اداکارہ برہم

پاکستان کی مشہور اداکارہ اُشنا شاہ اور بھارتی اداکارہ گوہر خان سمیت دیگر اداکاراوْں نے معروف انٹرنیشنل فیشن برانڈ ‘زارا’   کی تازہ ترین تشہیری مہم ’دی جیکٹ‘ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

معروف انٹرنیشنل فیشن برانڈ ‘زارا’ (zara) کی نئی تشہیری مہم میں حساس نوعیت کا فوٹو شوٹ کیا گیا، اس شوٹ میں معصوم فلسطینیوں کا مذاق اُڑایا گیا، فوٹو شوٹ میں ماڈل نے سفید کپڑے میں لپٹی ہوئی لاش کا مجسمہ اپنے کندھے پر اُٹھایا ہوا تھا۔

فوٹو شوٹ میں ملبے کا ڈھیر اور گمشدہ اعضاء کے مجسمے بھی دکھائے گئے، فیشن برانڈ ‘زارا’ (zara) کا تشہیری فوٹو شوٹ دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور برانڈ کے بائیکاٹ کی مہم چلا دی۔

سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ برانڈ نے فلسطینیوں کی بےبسی کا مذاق اُڑایا ہے، اس برانڈ کا فوری بائیکاٹ کیا جائے، ہم اب اس برانڈ کو کبھی استعمال نہیں کریں گی۔

فیشن برانڈ “زارا” کے فوٹو شوٹ پر پاکستانی و بھارتی اداکاراوْں پر ردعمل:

اُشنا شاہ نے فیشن برانڈ “زارا” کے فوٹو شوٹ پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ “جن افراد کے پاس برانڈ زارا کے کپڑے پہلے سے موجود ہیں وہ پھینک دینے چاہئیں؟”

اداکارہ نے کہا کہ “زارا کے کپڑوں پر اُن کے برانڈ کا نام نہیں ہوتا، تو میرا خیال ہے کہ ہمیں اس برانڈ کے وہ کپڑے جو پہلے سے ہمارے پاس موجود ہیں، اُنہیں پھینکنا نہیں چاہیے”۔

اُنہوں نے “زارا” کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ “میں اب ان کے برانڈ سے دوبارہ کپڑے قطعاً نہیں خریدوں گی”۔

معروف بھارتی اداکارہ گوہر خان نے فیشن برانڈ “زارا” کی انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ “آپ کو شرم آنی چاہیے”، اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے فلسطین کا آزادی کا نعرہ بھی لگایا۔

ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ “فیشن برانڈ “زارا” کو معصوم اور نہتے فلسطینیوں کا مذاق اُڑاتے ہوئے شرم آنی چاہیے”۔

مشی خان نے کہا کہ “میں آج ہی یہ عہد کرتی ہوں کہ میں تاحیات فیشن برانڈ زارا کے کپڑے نہیں خریدوں گی”۔

پاکستانی اداکارہ رحمت اجمل نے بھی فیشن برانڈ “زارا” کی تشہیری مہم کو بدترین، گھٹیا اور پاگل پن قرار دیا۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جب کہ 49 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *