دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے پاکستانی صارفین کو بھی چینل نامی فیچر تک رسائی دے دی اور پاکستان میں صارفین 18 اکتوبر سے چینل بنانے کے فیچر کو استعمال کرنے لگے۔ واٹس ایپ نے ابتدائی طور پر ’چینل‘ کا فیچر گزشتہ ماہ ستمبر کے وسط میں متعارف کراتے ہوئے اسے 150 ممالک میں پیش کیا تھا۔
پاکستان میں بھی صارفین کو شروع سے ہی چینلز کو دیکھنے کے فیچر تک رسائی دی گئی تھی لیکن پاکستانی صارفین کو چینل بنانے تک رسائی نہیں دی گئی تھی لیکن 18 اکتوبر کو پاکستانی صارفین کو واٹس ایپ پر چینل بنانے کے فیچر تک رسائی دے دی گئی۔ چینل فیچر فیس بک پیج کی طرح کا ایک اکاؤنٹ ہے، جہاں کوئی بھی شخصیت یا ادارہ اپنے مواد یا تشہیر کا مواد واٹس ایپ میسیج کرسکتا ہے۔ مذکورہ فیچر کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ چینل کو صارفین کی جانب سے فالو بھی کیا جاسکتا ہے، تاہم صارف کا فون نمبر یا نام چینل چیٹ میں ظاہر نہیں ہوتا۔ نہ ہی کوئیصارف چینل میں میسیج کا ریپلائی کر سکتا ہے، البتہ صارفین کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ چینل کے میسیج کو فارورڈ کر سکے گا۔ واٹس ایپ چینل بنانے کا طریقہ فون پر واٹس ایپ کھولنے کے بعد اپ ڈیٹس ٹیب پر جائیں، جہاں صارفین کی اسٹوریز نظر آتی ہیں۔ اسٹوریز کے بلکل آخر میں چینلز نظر آئیں گے، وہاں چینلز کے ساتھ پلس+ کے نشان کو کلک کریں۔ پلس کے نشان کو کلک کرنے کے بعد ’کریئیٹ نیو چینل‘ کا آپشن آئے گا، اسے کلک کرنے کے بعد آسانی سے چینل بنایا جا سکتا ہے۔ چینل کے لنک کو دوستوں اور گروپس کے ساتھ شیئر کریں، وہ آپ کے چینل کو فالو کریں گے، وہ آپ کے چینل پر کوئی پیغام بھیج نہیں سکیں گے،وہ صرف آپ کے پیغامات وصول کریں گے۔ چینل بنانے والے شخص یا ادارے کو فالو کرنے والے افراد کے فون نمبر یا نام بھی نظر نہیں آئیں گے، البتہ انہیں فالو کرنے والے افراد کی تعداد معلوم ہوجائے گی۔