دہشتگردوں کا پاک فوج پر حملہ، پاکستان کا افغانستان سے شدید احتجاج،’ ڈو مور‘ کا مطالبہ
ڈی آئی خان میں دہشتگرد حملے میں پاک فوج کے 23 جوان شہید ہو ئے ہیں جبکہ 27 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے ،حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان کے ایک گروہ نے قبول کی ہے جس پر پاکستان نے افغانستان کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرتے ہوئے سخت احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ درابن واقعہ کی ذمہ داری تحریک جہاد پاکستان نامی گروپ نےقبول کی اور اس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے ، دہشت گرد حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 23 جوان شہید ہوئے، افغان ناظم الامور کو پاکستان کا احتجاج اپنی حکومت تک پہنچانے کا کہا گیا ہے، افغان حکومت تازہ دہشت گرد حملے کے ذمہ داروں کیخلاف تحقیقات اورسخت کارروائی کرے،عبوری افغان حکومت دہشت گرد حملے کی اعلٰی سطح پراعلانیہ مذمت کرے۔ دفتر خارجہ کے مطابق افغان حکومت ایسے اقدامات کرے جو نظر بھی آئیں اور دہشتگرد حملے میں ملوث افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی قیادت کو پاکستان کے حوالے کیا جائے ،پاکستان میں دہشت گردی کیلئےافغان سرزمین کےمسلسل استعمال کو روکا جائے،آج کا حملہ خطے کے امن و سلامتی کو دہشت گردوں سے درپش خطرات کا عکاس ہے، ہمیں دہشت گردی کی لعنت کو مل کر شکست دینا ہوگی ،پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عزائم پر سختی سے قائم ہے۔ اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ صبح 6 دہشت گردوں نے درابن میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو چوکی سے ٹکرادیا، دہشت گردوں کے حملے میں 23 فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے تمام 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فوسرز نے دہشت گردوں کی چوکی پر داخل ہونے کی کوشش کوناکام بنایا گیا۔ ناکامی پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی، خودکش حملہ بھی کیا گیا،دھماکوں کے نتیجے میں عمارت گر گئی۔ دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں بھی مزید 4 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔درازندہ میں خفیہ معلومات پر آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ گیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، ہلاک دہشت سیکیورٹی فورسز اور عوام پر حملوں میں ملوث تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد بھی کیا گیا۔ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کیلئے آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
دہشتگردوں کا پاک فوج پر حملہ، پاکستان کا افغانستان سے شدید احتجاج،’ ڈو مور‘ کا مطالبہ Read More »