بالی وڈ کے ’سلطان‘ سلمان خان کی فلم ٹائیگر 3 نے اپنی ریلیز کے دسویں دن تک دنیا بھر میں 400 کروڑ کمائی کر لی ہے یہ ان کی سنہ 2017 میں آنے والی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے بعد کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہو رہی ہے۔
یش راج فلمز نے اپنے ایکس ہینڈل سے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ فلم دیوالی پر ریلیز ہونے والی فلموں میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے۔
اگرچہ یہ فلم ہندوؤں کے سب سے بڑے تہوار دیوالی کے دن ریلیز ہوئی تھی تاہم اس نے پہلے دن ہی 44 کروڑ کا ریکارڈ بزنس کیا اور یہ سلمان خان کی کامیاب ترین اوپننگ والی فلم بن گئی۔
انڈیا اور پاکستان کے جاسوسوں کی کہانی پر مبنی اس ایکشن تھرلر نے اب تک انڈیا میں 243 کروڑ روپے کما لیے ہیں اور ایک دو دنوں میں یہ 250 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر لے گی۔
مبصرین کے مطابق یہ سلمان کے لیے ایک اہم کارنامہ ہے کیونکہ سنہ 2017 کی ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے بعد سے انھوں نے کوئی بھی بڑی ہٹ فلم نہیں دی۔ تاہم فلم کے بڑے بجٹ کے پیش نظر یہ آمدنی بہت زیادہ نہیں ہے۔
400 کروڑ سے زیادہ کمائی
تجزیہ کار منوبالا وجے بالن کے مطابق فلم کی موجودہ عالمی کمائی نے حال ہی میں 400 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کیا ہے۔
جبکہ ان کی پہلی ’ٹائیگر‘ فلم نے ریلیز سے اب تک مجموعی طور پر 335 کروڑ روپے کمائے تھے تاہم ٹائیگر 3 ابھی بھی ’ٹائیگر زندہ ہے‘، ’وار‘ اور ’پٹھان‘ جیسی فلموں سے پیچھے ہے۔
اسی قبیل کی شاہ رخ خان کی اداکاری والی فلم ’پٹھان‘ رواں سال کے شروع میں آئی تھی اور اس نے دنیا بھر میں 1000 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی جبکہ اس کے بعد آنے والی فلم ’جوان‘ نے اس سے بھی زیادہ کمائی حاصل کی ہے اور یہ رواں سال کی اب تک کی سب سے کامیاب فلم کہی جا رہی ہے۔
ٹائیگر 3 کی روزانہ کی کمائی اب 10 کروڑ سے نیچے آ گئی ہے ایسے میں اس کے لیے 500 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنا اہمیت کا حامل ہ وگا۔
اس فلم کی ریلیز کے وقت کے متعلق بہت ساری باتیں کہی گئيں۔ یہ فلم روایت سے ہٹ کر اتوار کو سب سے بڑے تہوار کے دن ریلیز کی گئی تھی جس دن کوئی بھی فلم ریلیز نہیں کرنا چاہتا ہے کیونکہ لوگ دیوالی کے تہوار کے جشن میں مصروف ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہ ایسے وقت میں ریلیز ہوئی جب انڈیا میں ورلڈ کپ اپنے عروج پر تھا اور لوگوں کی ساری دلچسپیاں اور توجہ بھی اسی جانب تھیں۔
تاہم اس فلم نے ایسی ریکارڈ اوپننگ دی کہ سلمان خان نے خود ہی ایک جگہ لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ آپ لوگ پوجا پاٹھ چھوڑ کر ہماری فلم دیکھنے گئے تھے۔‘
فلم کی کہانی
فلم میں سلمان خان کے ساتھ اداکارہ قطرینہ کیف اور اداکار عمران ہاشمی ہیں۔ اور سنہ 2017 میں آنے والی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کا اسے سیکوئل کہا جا رہا ہے۔
یہ فلم پہلی فلم کی طرح پاکستانی انٹیلیجنس ایجنسی ’آئی ایس آئی‘ اور انڈین خفیہ ادارے ریسرچ اینڈ اینلیسیں ونگ (را) کے درمیان خفیہ منصوبوں کی کہانیوں پر مبنی ہے۔ فلم میں سلمان خان نے انڈین جاسوس کا کردار ادا کیا ہے جبکہ عمران ہاشمی نے پاکستانی ایجنسی کے سربراہ کا کردار نبھایا ہے۔
اس فلم میں بالی وڈ کے بادشاہ کہے جانے والے اداکار شاہ رخ خان کا ایک چھوٹا سا کردار ہے اور وہ اپنی فلم ’جوان‘ کے کردار میں آ کر اویناش ’ٹائیگر‘ سنگھ راٹھور یعنی سلمان خان کو بچاتے ہیں جو کہ پاکستانی خفیہ ادارے کی قید میں ہوتے ہیں جبکہ عمران ہاشمی جاسوسوں کی جاری کشمکش میں کترینہ کیف کو بھی کھینچ لیتے ہیں۔
اسی طرح میجر کبیر دھالیوال کے رول میں اداکار رتک روشن بھی بطور مہمان اداکار سامنے آتے ہیں۔
ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں بنی یہ فلم انڈیا کے سنیما گھروں میں اتوار کے روز ریلیز ہوئی۔ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا ہیں جبکہ منیش شرما نے اس فلم کی ہدایتکاری کی ہے۔