سندھ میل: صحرائے تھر کی ریل جسے تقسیم بھی نہ روک سکی
دنیا میں عمومی طور پر ریل گاڑی محض ایک وسیلہ سفر کے طور پر دیکھی جاتی ہے لیکن برِصغیر میں ریل کی آمد کو تہذیبی واقعے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ وسیلہ سفر کے ساتھ یہ وسیلہ ظفر بھی ثابت ہوئی اور بقول کسے جب سے ریل چلی ہے لوگ اپنی بیٹیوں کو دُور دُور بیاہنے لگے ہیں۔ ریل نے محض فاصلے ہی نہیں سمیٹے بلکہ یہ لوک داستانوں سے لے کر شعر و ادب کا بھی حصہ بن گئی۔ ریل نے جہاں دُور دیس کے باسیوں کو ایک دوسرے سے قریب کیا وہیں اس کے چلنے سے نئی ثقافت کا آغاز ہوا۔ نہ صرف اردو ادب میں ریل اور اس کی سیٹی ایک استعارہ ہیں بلکہ مختلف علاقوں کے لوک ادب میں بھی ان علامتوں سے رنج اور خوشی جڑی ہوئی ہے۔ یہ خوشی اور غم، ملنے بچھڑنے، ہجر کی تکلیف اور وصل کے کیف آگیں لمحات کا استعارہ ہے۔ یوں ریل کا چلنا ایک ایسا واقعہ تھا جس کا بیان ہنوز جاری و ساری ہے۔ شہر کی وہ سڑک جو ریلوے اسٹیشن کی طرف مڑتی ہے اس کا ماحول ہی باقی شہر سے مختلف ہوتا ہے۔ انگریز سرکار نے صرف بڑے شہروں کو ہی ریل کے ذریعے نہیں جوڑا بلکہ چھوٹے چھوٹے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں بھی آج تک اداس اور ویران کھڑے اسٹیشن یہ بتا رہے ہیں کہ کبھی یہاں بھی ریل چلتی تھی، مسافر چڑھتے اور اترتے تھے۔ اب تو ان عمارتوں میں ویرانی کی رہائش ہے لیکن کسی وقت یہاں کی چہل پہل دیدنی ہوتی ہوگی۔ اب جب راولپنڈی سے چلنے والی ریل کراچی تک محض چند مقامات پر رکتی ہے تو راستے میں چھوٹے اسٹیشن اس قدر تیزی سے گزر جاتے ہیں جیسے خیالات کی یلغار میں کسی اجنبی کا چہرہ گزرتا ہے۔ بس دھندلی سی یاد اور اگلی سوچ اس کو مزید دھندلا دیتی ہے۔ برطانوی راج میں ریلوے محض سرکار نے ہی نہیں چلائی بلکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت برطانوی شہری بھی یہاں سرمایہ کاری کرتے تھے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ تھوڑے ہی عرصہ میں پورے برِصغیر میں ریل کا جال بچھ چکا تھا۔ ریلوے کی آمد سے دُور دراز کے وہ علاقے بھی باہم مل گئے جن کا اس سے قبل تصور بھی ممکن نہیں تھا۔ وہ فاصلہ جو مہینوں میں طے ہوتا تھا دنوں میں طے ہونے لگا۔ یہ احساس اور سرخوشی کہیں ریل کی تعریف میں گیتوں میں ڈھل گئی اور کہیں لوک داستانیں پٹریوں پر سفر کرنے لگیں۔ صحرائے تھر کا ذکر کیا جائے تو ذہن کے پردوں پر تاحدِ نگاہ ریت، پیاس اور افلاس کی تصویریں نمایاں ہونے لگتی ہیں لیکن برطانوی راج کی ’برکت‘ سے اس علاقے میں بھی ریل کی پٹری بچھی۔ جی ہاں آپ نے صحیح پڑھا! دُور دراز تک پھیلی ریت میں جب ریل کی پٹری نظر آتی ہے تو پہلی بار حیرت ہوتی ہے، لیکن جلد ہی یہ حیرت خوشی میں بدل جاتی ہے۔ اسی سبب سے صحرا کے گیتوں میں آج بھی ریل کی یاد باقی ہے۔ ریل کی سیٹی بھلے خاموش ہوگئی ہو لیکن اس کو یاد کرکے غمزدہ ہونے والے عشاق ابھی باقی ہیں اور اس کی کہانیاں کہنے والے فنکار ہنوز سلامت ہیں۔ ریل تو بند ہوگئی مگر پٹری باقی ہے۔ عمارتوں میں گو اداسی بال کھولے سورہی ہے لیکن یہ ابھی تک اپنے پیروں پر کھڑی ہیں۔ کھوکھرا پار اور موناباؤ کے اسٹیشن سیاست کی نذر ہونے کے باوجود ابھی تک سہانی یادوں کو سنبھالے ہوئے ہیں۔ وہ لوگ سلامت ہیں جو کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، عمرکوٹ اور چھور سے ریل پر سوار ہوئے اور سرحد کی لکیر کے دوسری طرف جودھ پور، گجرات، بمبئی اور دہلی کے اسٹیشنوں پر جا اترے اور اسی ریل سے ہی واپس اپنی دھرتی پر آئے۔ یہ سب 50 برس اُدھر کا واقعہ ہے، درمیان میں ہجر کی ایک لمبی سیاہ رات پڑتی ہے جس میں پٹری اور اسٹیشن تو ویران اور اداس رہے مگر سرحد کے دونوں طرف آباد شہری ایک دوسرے کی ملاقات کو ترستے رہے حالانکہ کہنے کو محض چند میٹر کا فاصلہ تھا۔ پرویز مشرف دور میں جب پاک-بھارت تعلقات میں بہتری آئی تو کراچی تا جودھ پور ’تھر ایکسپریس‘ دوڑنے لگی اور لوگوں کو یوں لگا کہ یہ واقعہ پہلی بار ہورہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس راستے پر قیامِ پاکستان سے قبل بھی ٹرین چلتی تھی اور قیامِ پاکستان کے بعد بھی 1965ء تک چلتی رہی۔ 1965ء کی جنگ کی زد میں آکر یہ بند ہوگئی۔ اس مسافر ٹرین کا نام ’سندھ میل‘ تھا اور یہ کراچی اور بمبئی کے درمیان چلا کرتی تھی۔ کہانیوں میں اس ریل کا تذکرہ ’راجہ کی ریل‘ کے نام سے بھی ملتا ہے کیونکہ اسے چلانے میں جودھ پور کے راجہ کا بھی ہاتھ تھا۔ 1843ء سے 1847ء تک سندھ کے گورنر رہنے والے چارلس جیمز نیپئر کا زمانہ سندھ کے لیے گویا مارشل لا کا زمانہ تھا۔ سندھی حکمرانوں کی شکست ہوئی اور انگریزوں کے قدم مزید مضبوط ہوئے۔ اس کی یہاں سے رخصتی کے بعد سندھ کا بمبئی سے الحاق کردیا گیا اور ہنری ایڈورڈ فریئر کی بطور کمشنر تعیناتی ہوئی۔ یہ وہی صاحب ہیں جن کے نام پر کراچی کا فریئر ہال ہے۔ انہی کی دُور اندیشی کی وجہ سے کراچی کی قسمت کھلی اور یہاں سے ریل کا آغاز ہوا۔ فریئر نے حکومت سے کراچی کو بندرگاہ بنانے اور اسے زمینی راستے سے باقی ہندوستان سے ملانے کی سفارش کی۔ اجازت ملنے کے بعد سروے کا آغاز ہوا اور ابتدائی طور پر کراچی تا کوٹری لائن بچھائی گئی۔ 13 مئی 1861ء وہ یادگار دن تھا جب کراچی شہر اور کوٹری کے درمیان 169 کلومیٹر کا راستہ طے کرتے ہوئے پہلی مسافر ریل گاڑی نے اپنا سفر مکمل کیا۔ اونٹوں پر ہونے والا سفر ریل گاڑی میں بدلنا ایک انقلاب تھا جس سے نہ صرف سفر میں تیزی آئی بلکہ رہزنوں سے بھی جان چھوٹ گئی اور یہ سفر دن رات ہونے لگا۔ اگلے کچھ برس میں کوٹری سے حیدرآباد اور پھر حیدرآباد تا ملتان بھی ریل چلنی شروع ہوگئی۔ یوں کراچی کا زمینی رابطہ پورے ہندوستان سے ہوگیا اور نقل و حمل میں آسانی ہوگئی لیکن یہ رابطہ ابھی نامکمل
سندھ میل: صحرائے تھر کی ریل جسے تقسیم بھی نہ روک سکی Read More »