پنجاب گروپ آف کالجز کا ٹیلنٹ سکالر شپ کے تحت مزدوروں کے بچوں کو تعلیم دینے کا معاہدہ
لاہور: (ایگنایٹ پاکستان ) پنجاب گروپ آف کالجز نے پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کے ساتھ ٹیلنٹ سکالر شپ کے تحت مزدوروں کے بچوں کو تعلیم دینے کا معاہدہ کیا ہے۔ معاہدے کے تحت ورکرز کے بچوں کو رعایت کے ساتھ معیاری تعلیم ملے گی، خصوصی سکالر شپس بھی دی جائیں گی، پنجاب گروپ آف کالجز اور پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب پنجاب گروپ آف کالجز کے کارپوریٹ آفس میں منعقد کی گئی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز سہیل افضل اور سی ای او ورکرز ویلفیئر فنڈ توقیر الیاس چیمہ نے معاہدے پر دستخط کیے۔ پنجاب گروپ آف کالجز ٹیلنٹ سکالر شپ کے تحت مزدوروں کے بچوں کو فیس میں خصوصی رعایت دے گا۔ سکالر شپ کے تحت کارکنوں کے بچے پنجاب کالجز، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب اور یونیورسٹی آف بائیولوجیکل و اپلائیڈ سائنسز میں رعایتی فیس کے ساتھ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ بورڈ کے سی ای او توقیر چیمہ نے معاہدہ کرنے پر پنجاب گروپ آف کالجز کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا ورکرز کے سیکڑوں بچوں کو اب معیاری تعلیم ملے گی اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کو سالانہ پیسوں کی بچت بھی ہو گی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز سہیل افضل کا کہنا تھا کہ پنجاب گروپ آف کالجز بچوں اور نوجوانوں کی اعلیٰ اور معیاری تعلیم تک رسائی کو ممکن بنانے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے، وسائل کی عدم فراہمی طلبا کی تعلیم میں رکاوٹ نہ بنے، یہ معاہدہ بھی اسی عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
پنجاب گروپ آف کالجز کا ٹیلنٹ سکالر شپ کے تحت مزدوروں کے بچوں کو تعلیم دینے کا معاہدہ Read More »