عام انتخابات میں پاک فوج کی خدمات حاصل کی جائیں گی، الیکشن کمیشن
اسلام آباد(این این آئی)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت آئندہ عام انتخابات سے متعلق اجلاس میں ضابطہ اخلاق کی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں بتایا گیا کہ حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 30 نومبر کو شائع کر دی جائے گی اور انتخابات میں پاک فوج کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کیلیے تیار ہے۔ابتدائی حلقہ بندیوں پرتمام عذرداریوں پرالیکشن کمیشن نے سماعت مکمل کرلی ہے جبکہ مزید حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ نادرا میں جاری ہے۔ ان کی ترسیل الیکشن پروگرام تک یقینی بنائی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں پاک فوج کی خدمات لی جائیں اور عوام کو حق رائے دہی کے استعمال کیلیے مکمل سیکیورٹی دی جائے۔اجلاس میںبتایا گیا کہ ضابطہ اخلاق کا باضابطہ نوٹیفکیشن آئندہ چند روزمیں جاری کر دیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں، ریٹرننگ افسروں اورپولنگ اسٹاف کی تربیت کا پلان تیار ہے اورمذکورہ بالا انتخابی آفیشلزکی بروقت ٹریننگ کویقینی بنایاجائے گا۔ بیلٹ پیپرزکی طباعت کے لیے ضروری انتظامات اورالیکشن میٹریل کی خریداری بھی مکمل کرلی گئی ہے۔ اجلاس میں انتخابات سے متعلق اب تک کے انتظامات پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا گیا کہ انتخابی فہرستوں کی ریٹرننگ افسروں تک ترسیل کامکمل میکنزم بنایا جائے تاکہ ریٹرننگ افسروں کوبروقت انتخابی فہرستوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی تعیناتی سے متعلق ایک ہفتہ کے اندر مکمل تفصیلات لی جائیں اورپولیس کی کمی پوری کرنے کیلیے بروقت متبادل انتظام کو یقینی بنایا جائے۔
عام انتخابات میں پاک فوج کی خدمات حاصل کی جائیں گی، الیکشن کمیشن Read More »