بھارت کے معروف اداکار نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل اور تین کو زخمی کر دیا
بھارت کے معروف اداکار نے لڑائی کے دوران فائرنگ کرتے ہوئے اپنے ہمسائے کو قتل اور تین افراد کو زخمی کر دیاہے ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر اداکار کو حراست میں لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ اداکار بھوپندر سنگھ اور اُن کے پڑوسی گردیپ سنگھ کے درمیان درختوں کی کٹائی پر جھگڑا ہوا تھا جس کی شکایت گردیپ سنگھ نے 19 نومبر کو پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی لیکن پولیس نے اُن کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔ اب حال ہی میں اداکار بھوپندر سنگھ اور اُن کے پڑوسی کے درمیان ایک بار پھر درختوں کی کٹائی پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد اداکار اور اُن کے ساتھیوں نے پڑوسی کے خاندان پر فائرنگ شروع کردی۔اس فائرنگ کے نتیجے میں پڑوسی گردیپ سنگھ، اُن کی اہلیہ اور ایک بیٹا شدید زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ گردیپ سنگھ کا 23 سالہ بیٹا گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اداکار بھوپندر سنگھ اور اُن کے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر دو ملزمان کی تلاش جاری ہے۔واضح رہے کہ بھوپندر سنگھ نے کئی بھارتی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں ‘یہ پیار نہ ہوگا کم’، ‘ایک حسینہ تھی’، ‘مدھوبالا’، ‘اِک عشق اِک جنون’، ‘تیرے شہر میں’ سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں، ڈراموں کے علاوہ اُنہوں نے چند فلموں میں بھی کام کیا ہے۔
بھارت کے معروف اداکار نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل اور تین کو زخمی کر دیا Read More »