کراچی: نسیم شاہ کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے ساڑھے 4 کروڑ روپے میں اپنا بنایا ہے جب کہ پی ایس ایل کیلیے پلیئرز کی ریٹینشن کا اعلان 7 دسمبر کو کیا جائے گا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل نسیم شاہ کی فین فالووئنگ کو دیکھتے ہوئے کئی فرنچائزز ان سے معاہدے کی خواہاں تھیں البتہ اس میں کامیاب اسلام آباد یونائیٹڈ ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ان کا معاوضہ تقریبا ساڑھے چار کروڑ روپے ہوگا،پی ایس ایل کیلیے پلیئرز کی ریٹینشن کا اعلان 7 دسمبر کو کیا جائے گا، البتہ ابھی تک بجٹ اور سیلری کیپ کا ہی فیصلہ نہیں ہو سکا، فرنچائزز کیٹیگری کو مدنظر رکھتے ہوئے 8کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل9؛ یونائیٹڈ نے 2 کھلاڑیوں کے بدلے گلیڈی ایٹرز سے نسیم شاہ لے لیا
گزشتہ برس کا سیلری کیپ 13 لاکھ ڈالر فی ٹیم تھا۔ پی ایس ایل کو درپیش ایک اور مسئلہ شیڈولنگ کا بھی ہے، پی سی بی نے پاکستان میں میچز کا فیصلہ کرتے ہوئے 2 شیڈول فرنچائزز کو ارسال کیے، ایک میں 4 جبکہ دوسرے میں 2 وینیوز شامل ہیں۔
پہلا میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان رکھا گیا،ایونٹ کا آغاز 18 فروری کو لاہور میں ہونا ہے۔
اس وقت وہاں سخت سرد موسم اور دھند کا راج ہوگا، اس لیے بعض حلقوں نے تجویز دی کہ کراچی میں ایونٹ کو شروع کرتے ہوئے پھر پنجاب لایا جائے تب تک موسم بہتر ہو جائے گا، پشاور زلمی نے پی سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیم کے میچز ہوم وینیو پر کروائے جائیں۔