پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ کے میچ کے دوران بیٹ پر فلسطین کا جھنڈا لگا کر کھیلنے پر اعظم خان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا جس کے بعد پاکستانی ان کی حمایت میں کھل کر سامنے آ گئے ہیں اور پی سی بی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعظم خان پر جرمانہ عائد کرنے کے خلاف جماعت اسلامی کے یوتھ ونگ کی جانب سے نیشنل سٹیڈیم کے مین گیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے اعظم خان کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور کھلاڑی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دکھائی دیئے ،مظاہرین نے پی سی بی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ذکاء اشرف سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کرتے رہے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضاطہ بیان جاری نہیں کیا گیاہے ۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی پی سی بی کو خوب تنقید کا سامنا ہے اور دن بھر ‘ شیم آن پی سی بی ‘ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتا رہا ۔