کراچی میں نیگلیریا نے ایک اور جان لے لی

بفرزون کا رہائشی 45 سالہ شخص دماغ خور جرثومے کا شکار ہوگیا 

کراچی میں نیگلیریا نے ایک اور جان لے لی، رواں سال جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کے علاقے بفر زون ضلع وسطی کا رہائشی 45 سالہ کاشف قمر نیگلیریا سے انتقال کر گیا، رواں سال صوبہ بھر میں اموات کی تعداد 11 ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق کاشف قمر کو یکم نومبر کو نارتھ ناظم آباد کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، مریض کے پی سی آر ٹیسٹ میں نیگلیریا کی تصدیق ہوئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق کاشف قمر تین دن بخار اور سر درد میں مبتلا رہ کر گزشتہ روز انتقال کرگئے، نیگلیریا سے ضلع وسطی میں یہ تیسری ہلاکت ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیگلیریا سے اب تک جامشورو، کیماڑی، کورنگی، ملیر، غربی اور شرقی میں ایک ایک جبکہ جنوبی میں 2 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے عوام سے نیگلیریا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے سی ای او کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ انجینئر سید صلاح الدین سے رابطہ کیا اور نیگلیریا کے باعث 11 لوگوں کی اموات سے متعلق تشویش کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر سعد خال نے کہا کہ شہر بھر کے تمام اضلاع سے پانی کے نمونوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کئے جائیں، شہر میں سپلائی کئے جانیوالے پانی میں کلورین کی مقدار سے متعلق بھی رپورٹ فراہم کی جائے، شہر میں نیگلیریا سے بڑھتی اموات کیلئے لازمی اقدامات اٹھائے جائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام، علماء و ماہرین کی ہدایت کے تحت پانی کو ناک میں ڈالنے سے اجتناب برتیں۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں 5 روز قبل بھی نیگلیریا سے ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *