عراقی نژاد امریکی میک اپ آرٹسٹ اور معروف میک اپ برانڈ ہدیٰ بیوٹی کی چیف ایگزیکٹو ہدیٰ قطان نے اسرائیل-حماس تنازع پر اپنا مؤقف اختیار کرتے ہوئے اسرائیل کی حمایت کرنے والی خاتون صارف کو کرارا جواب دے دیا۔
ہدیٰ بیوٹی ایک مشہور غیر ملکی میک اپ برانڈ ہے جس کے سوشل میڈیا پر کروڑوں فالوورز ہیں، پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ایشیائی اور یورپی ممالک میں اس برانڈ کی مصنوعات فروخت ہوتی ہیں۔
ہدیٰ بیوٹی برانڈ کی بانی ہدیٰ قطان نے حال ہی میں فلسطین کی کھل کی حمایت کی جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے میک اپ برانڈ کے بائیکاٹ کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔
حال ہی میں ہدیٰ قطان نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے انسٹاگرام پر کچھ ویڈیو پوسٹ کی تھیں، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’آپ حماس کے خلاف ہوکر فلسطینیوں اور ان کے حقوق کو سپورٹ کر سکتے ہیں، آپ فلسطینیوں کے حقوق کی وکالت کر سکتے ہیں اور حزب اللہ یا ایرانی حکومت کے خلاف بھی ہوسکتے ہیں، آپ یوکرین کی حمایت کر سکتے ہیں اور اسرائیل کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو بھی مسترد کر سکتے ہیں، یہ موقف متضاد نہیں ہیں۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ چند روز کے دوران میں نے جو تصاویر دیکھیں، مجھے بہت دکھ ہوا، عام شہریوں کو کبھی قتل یا یرغمال نہیں بنایا جانا چاہیے، یہ ایک جرم ہے، حماس نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا، اسرائیل غزہ میں جو کچھ کر رہا ہے وہ بھی جرم ہے، اسرائیل کی نسل پرست ریاست نے فلسطینیوں کے ساتھ ظلم کیا ہے کیونکہ یہ ریاست فلسطینی شہریوں اور مسلح افراد کے درمیان فرق نہیں کرتی ہے۔
ہدیٰ قطان کا کہنا تھا کہ ’اسرائیل کئی دہائیوں سے فلسطینی بچوں کا قتل کر رہا ہے، غزہ میں 50 فیصد بچے ہیں، قبضہ کرنے سے کبھی امن نہیں آئے گا، فلسطین کو آزاد کرو۔