پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں ہونے والی کمی کا سلسلہ منگل کے روز رُک گیا جب ڈالر کی قیمت میں 20 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انٹر بنک میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل 28 کاروباری دنوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور ایک ڈالر کی قیمت 307.10 روپے کی تاریخی بلند سطح سے 276 کی سطح تک گر گئی۔
منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی جب ایک ڈالر کی قیمت ایک روپے سے زائد کمی کے بعد 276 روپے کی سطح سے بھی نیچے گر گئی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت بیس پیسے اضافے کے بعد 277.03 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق منگل کے روز ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ انٹر بینک مارکیٹ میں درآمدی کارگو کی ایل سی کے لیے بڑی ادائیگی تھی جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
جنرل سیکریٹری ایکسچنیج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ظفر پراچہ نے بتایا کہ ڈالر کی انٹر بینک میں قیمت بڑھنے کی وجہ ایک بڑی ایل سی کی ادائیگی تھی جس نے اس کی قیمت میں اضافہ کیا۔ تاہم انھوں کا کہا کہ ڈالر کی قیمت اگلے دنوں میں مزید کم ہو سکتی ہے کیونکہ مارکیٹ میں ڈالر کی رسد مناسب ہے جس کی وجہ برآمد کنندگان کی جانب سے ڈالر کو مارکیٹ میں بیچنا، ترسیلات زر کا سرکاری چینل سے آنا اور ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے انٹر بنک میں ڈالر بیچنا شامل ہے۔